گوردوارے پر فائرنگ، حملہ آور سمیت سات ہلاک

امریکی ریاست وسکونس میں حکام کے مطابق سکھ برادری کے گوردوارے پر ایک مسلح شخص کی فائرنگ سے حملہ آور سمیت سات افراد ہلاک ہو گئے ہیں۔

پولیس حکام کے مطابق اوک کریک شہر میں سکھ برادری کی عبادت گاہ پر ہونے والے اس حملے میں ایک پولیس اہلکار کو کئی گولیاں لگی ہیں لیکن امید ہے کہ وہ زندہ بچ جائیں گے۔

اس کے علاوہ ایک عام شہری بھی زخمی ہوا جسے طبی امداد دی جا رہی ہے۔

پولیس نے ان اطلاعات کی تصدیق نہیں کہ گوردوارے میں اب بھی مسلح حملہ آور موجود ہیں۔

پولیس کے مطابق صورتحال ابھی غیر واضح ہے۔

پولیس سربراہ کے مطابق گرینج کے معیاری وقت کے مطابق تین بج کر پچیس منٹ پر ہنگامی سروسز کے نمبر 911 پر مدد کے لیے فونز کیے گئے۔

انہوں نے کہا کہ ان ٹیلی فون کالز کے بعد وہاں ایک پولیس اہلکار کو بھیجا گیا تو اس پر ایک مسلح حملہ آور نے فائرنگ کر دی۔

پولیس کا کہنا ہے کہ اب تک کی اطلاعات کے مطابق گوردوارے میں تین جبکہ اس کے باہر چار افراد ہلاک ہوئے ہیں اور ہلاک ہونے والوں میں ایک مسلح حملہ آور بھی شامل ہے۔

پولیس سربراہ وینٹلینٹ کے مطابق ان کے پاس ابھی تک یہ ہی اطلاعات ہیں لیکن ان میں تبدیلی بھی آ سکتی ہے۔