ممبئی: پرتشدد مظاہروں کے بعد ہائی الرٹ

بھارت کی شمال مشرقی ریاست آسام میں ہونے والے فسادات کے خلاف ریاست مہاراشٹر کے دارالحکومت ممبئی میں ہونے والے پرتشدد مظاہروں میں دو افراد ہلاک ہوگئے۔

اطلاعات کے مطابق سنیچر کو جنوبی ممبئی کے علاقے آزاد میدان میں ہزاروں افراد آسام میں ہلاکتوں کے خلاف مظاہرہ کرنے کے لیے جمع ہوئے۔

دیکھتے ہی دیکھتے اس ہجوم نے تشدد کی راہ اپنا لی اور ایک گاڑی میں آگ لگانے کے علاوہ کئی بسوں کو بھی نقصان پہنچایا۔

اس پر پولیس نے حالات پر قابو پانے کے لیے ہوائی فائرنگ کی اور لاٹھی چارج بھی کیا۔

خبر رساں ایجنسیوں کے مطابق ان پرتشدد جھڑپوں میں کم از کم پچپن افراد زخمی ہوئے جن میں سے دو نے بعد میں ہسپتال میں دم توڑ دیا۔