شامی فضائیہ کا جنگی جہاز گر کر تباہ

شام میں سرکاری ذرائع ابلاغ کے مطابق ملک کے مشرقی علاقے میں شامی فضائیہ کا ایک جنگی جہاز گر کر تباہ ہو گیا ہے۔

سرکاری ذرائع ابلاغ کے مطابق جنگی جہاز’ تکنیکی خرابی‘ کی وجہ سے حادثے کا شکار ہوا ہے۔

دریں اثناء شام کے منحرف فوجیوں کی تنظیم فری سیرئین آرمی نے بھی اسی علاقے میں فوجی جہاز مار گرانے کا دعویٰ کیا ہے۔

باغیوں کے مطابق انہوں نے جہاز کے دو پائلٹس میں سے ایک کو حراست میں لے لیا ہے تاہم اس ضمن میں کوئی شواہد سامنے نہیں لائے گئے ہیں۔

سرکاری میڈیا کے مطابق جنگی جہاز کا پائلٹ جہاز سے نکلنے میں کامیاب ہو گیا تھا اور اس کی تلاش جاری ہے۔

شام کی سرکاری خبر رساں ایجنسی سانا نیوز کے مطابق تباہ ہونے والا جنگی جہاز معمول کی پرواز پر تھا۔