جماعت احمدیہ کے علاقائی صدر کے مکان پر حملہ

پاکستان کے صوبہ پنجاب کے شہر چونیاں کے علاقے شمس آباد میں پولیس کے مطابق ایک ہجوم نے جماعت احمدیہ کے علاقائی صدر کے مکان پر حملہ کر کے انہیں زدوکوب کیا ہے۔

ضلع قصور میں جماعت احمدیہ کے امیر شیخ محمد یوسف کے مطابق شمس آباد میں جماعت کے صدر ملک مقصود احمد کو گذشتہ چھ ماہ سے دھمکیاں مل رہیں تھیں کہ وہ علاقہ چھوڑ دیں۔

پیر کی رات نو سے دس بجے کے درمیان ایک مشتعل ہجوم نے ان کے مکان پر دھاوا بول دیا، دروازہ توڑ کر اندر داخل ہوگئے اور توڑ پھوڑ کی۔

ہجوم نے انہیں اور ان کے اہلخانہ کو زدوکوب کیا جس سے وہ زخمی ہوگئے۔

مقصود ملک کو بازوں اور کندھے پر شدید چوٹیں آئیں۔ پولیس نے موقعے پر پہنچ کر ہجوم کو وہاں سے منتشر کیا اور مقصود ملک کو چونیاں ہسپتال میں داخل کروایا۔