ڈھاکہ میں ہڑتال کے موقع پر ’دھماکے‘

بنگلہ دیش میں پولیس کا کہنا ہے کہ دارالحکومت ڈھاکہ میں اپوزیشن کی کال پر ہونے والی ہڑتال کے موقع پر دیسی ساختہ دھماکہ خیز مواد کے متعدد دھماکے ہوئے ہیں۔

تاہم ان دھماکوں میں کسی جانی نقصان کی اطلاع نہیں ہے۔

حزبِ اختلاف کی جماعت بنگلہ دیش نیشنل پارٹی نے اپنے کارکنوں کی گرفتاری پر چھتیس گھنٹے کی ہڑتال کی کال دی ہے۔بی این پی ان افراد کی رہائی کا مطالبہ کر رہی ہے۔

ڈھاکہ میں موجود نامہ نگاروں کا کہنا ہے کہ ہڑتال کے موقع پر بیشتر سکول اور کاروباری ادارے بند ہیں اور سڑکوں پر ٹریفک نہ ہونے کے برابر ہے۔

اس دوران کئی مقامات پر پولیس اور مظاہرین کے درمیان جھڑپوں کی اطلاعات بھی ملی ہیں۔

حکومتی جماعت عوامی لیگ اس ہڑتال کے خلاف مظاہرے کر رہی ہے۔