مسلمانوں کے گودام پر بودھوں کا حملہ

سری لنکا کے دارالحکومت کولمبو میں بودھ راہبوں کی قیادت میں سینکڑوں افراد نے مسلمانوں کے ملکیتی ایک گودام پر دھاوا بول کر توڑپھوڑ کی ہے۔

اس واقعے میں متعدد افراد زخمی ہوئے ہیں جبکہ عینی شاہدین کے مطابق موقع پر موجود پولیس نے ابتدا میں حملہ آوروں کو روکنے کی کوئی کوشش نہیں کی۔

تاہم جب تشدد کا سلسلے پھیلنے لگا تو پولیس نے دخل اندازی کی اور حالات پر قابو پایا۔

موقع سے ملنے والے ویڈیو فوٹیج میں ہجوم کو عمارت پر پتھراؤ کرتے اور مالکان کو گالیاں دیتے دیکھا اور سنا جا سکتا ہے۔

یہ حملہ ایک ایسے وقت میں ہوا ہے جب سری لنکا کے سخت گیر بودھ ملک میں مسلم طرزِ زندگی کے خلاف مہم چلا رہے ہیں۔

مسلمان سری لنکا کی کل آبادی کا نو فیصد ہیں۔