صدر کے عہدے، عدالت نے درخواستیں نمٹا دیں

لاہور ہائی کورٹ نے پاکستان کے صدر آصف علی زرداری کے خلاف ایک ہی وقت میں دو عہدے رکھنے سے متعلق توہین عدالت کی درخواستیں اس بنیاد پر نمٹا دی ہیں کہ صدر نے اپنا سیاسی عہدہ چھوڑ دیا ہے۔

یہ درخواستیں مقامی وکلاء اے کے ڈوگر اور اظہر صدیق ایڈوکیٹ کی جانب سے دائر کی گئی تھیں۔

جمعے کو سماعت کے دوران لاہور ہائیکورٹ کے فل بینچ کے سامنے وفاقی حکومت کے وکیل وسیم سجاد نے یہ بیان دیا کہ صدر آصف علی زرداری نے پیپلز پارٹی کے شریک چیئرمین کا عہدہ چھوڑ دیا ہے کیونکہ پیپلز پارٹی اب الیکشن کمشن میں رجسٹر ہوگئی ہے اور اسے انتخابی نشان بھی دے دیا گیا ہے۔

اس پر عدالت نے یہ درخواستیں نمٹانے کا حکم جاری کیا ہے۔

لاہور ہائی کورٹ میں صدر کے دو عہدوں سے متعلق یہ درخواستیں گزشتہ سال جون میں دائر کی گئی تھیں۔