’تعلیمی اسناد کی تصدیق، پانچ اپریل تک مہلت‘

سپریم کورٹ نے سابق قومی اور صوبائی اسمبلیوں کے ایک سو نواسی ارکان کو پانچ اپریل تک اپنی اسناد کی تصدیق کروانے کی آخری مہلت دی ہے۔

عدالت نے اپنے ریمارکس میں کہا ہے کہ اس عرصے کے دوران اپنی اسناد کی تصدیق نہ کرنے کی کروانے والے آئندہ عام انتخابات میں حصہ لینے کے لیے نااہل تصور ہوں گے۔

پیر کو چیف جسٹس افتخار محمد چوہدری کی سربراہی میں سپریم کورٹ کے تین رکنی بینچ نے ارکان پارلیمنٹ کی جلعی ڈگریوں سے متعلق مقدمے کی سماعت کی۔

ہائر ایجوکیشن کمیشن کے سربراہ ڈاکٹر جاوید لغاری نے عدالت کو بتایا کہ اب تک سابق قومی اور صوبائی اسمبلی کے 189 ارکان نے اپنی میٹرک اور ایف اے کی اسناد کی تصدیق نہیں کروائی جبکہ ان اسناد کی تصدیق کا عمل سنہ دو ہزار دس سے جاری ہے۔