بھارت: چار بہنوں پر تیزاب پھینکنے کی تحقیقات شروع

بھارت کی ریاست اتر پردیش میں حکام کا کہنا ہے کہ چار بہنوں پر تیزاب پھینکنے کی تحقیقات کی جا رہی ہیں۔

پولیس کے مطابق یہ واقعہ منگل کی شام اس وقت پیش آیا جب چاروں بہنیں سکول سے واپس گھر جا رہی تھیں۔ یہ چاروں بہنیں ایک سکول میں استانیاں ہیں۔

پولیس کا کہنا ہے کہ ریاست کے ضلع شملی کے قصبے قندھلہ میں موٹر سائیکل پر سوار دو افراد نے چاروں بہنوں پر تیزاب پھینکا۔

پولیس کے مطابق چار بہنوں میں تیزاب سے زیادہ متاثر ہونے والی خاتون کو دہلی منتقل کیا گیا ہے جبکہ ایک کو مقامی ہسپتال میں اور دو بہنوں کو طبی امداد دے کر گھر بھجوا دیا گیا ہے۔

پولیس کا کہنا ہے کہ ابھی تک اس حوالے سے کوئی گرفتاری عمل میں نہیں آئی ہے۔