ملالہ فنڈ کو پہلی امدادی رقم مل گئی

پاکستان کی وادی سوات میں طالبان کے حملے میں زخمی ہونے والی ملالہ یوسف زئی نے لڑکیوں کی تعلیم کے لیے قائم ملالہ فنڈ کے لیے پہلی امدادی رقم کا اعلان کر دیا ہے۔

ملالہ فنڈ کے ذریعے حاصل ہونے والی رقم پاکستان میں لڑکیوں کی تعلیم پر خرچ کی جائے گی۔

ملالہ یوسف زئی نے نیویارک میں منعقدہ ایک تقریب میں فنڈ کی پہلی گرانٹ کا اعلان کیا۔

اس تقریب کی میزبانی ہالی وڈ کی اداکارہ انجلینا جولی نے کی۔

امریکی خبر رساں ادارے اے پی کے مطابق انجلینا جولی نے پاکستان میں لڑکیوں کی تعلیم کے لیے ’نئے ملالہ فنڈ‘ کے لیے دو لاکھ امریکی ڈالر دینے کا وعدہ کیا ہے۔

نیویارک میں منعقدہ ایک تقریب میں انجلینا جولی نے کہا کہ اس فنڈ کی انچارج ملالہ یوسف زئی ہوں گی۔

وومین ان دی ورلڈ کانفرس نیویاک کی تقریب میں پندرہ سالہ ملالہ یوسف زئی نے ایک ویڈیو پیغام میں کہا’ملالہ فنڈ کے لیے پہلی امدادی رقم کا اعلان ان کی زندگی کا سب سے پرمسرت دن ہے‘۔