عمران خان کے کاغذاتِ نامزدگی بھی چیلنج

پاکستان تحریک انصاف کے سربراہ عمران خان کے لاہور سے حلقہ این اے ایک سو بائیس سے کاغذات نامزدگی چیلنج کر دیے گئے ہیں۔

ریٹرننگ آفیسر نے درخواست پر عمران خان کو چھ اپریل کے لیے نوٹس جاری کر دیا ہے۔

لاہور کے حلقہ این اے ایک سو بائیس سے ایک ووٹر محمد اسلم نے اعتراضات کیے ہیں کہ عمران خان کے ایک غیر ملکی خاتون سیتا وائٹ سے تعلقات رہے ہیں اور اس خاتون سے ان کی ایک بیٹی بھی ہیں۔

درخواست گزار کے مطابق آئین کے آرٹیکل باسٹھ اور تریٹھ کے تحت عمران خان صادق اور امین نہیں رہے ہیں۔

اس کے علاوہ درخواست گزار نے اعتراض کیا ہے کہ عمران خان کی سابق اہلیہ جمائمہ اب مسلمان نہیں رہی ہیں اور عمران خان کے دونوں بیٹوں کی پرورش کر رہے ہیں۔

خیال رہے کہ عمران خان کی گرل فرینڈ سیتا وائٹ نے دعویٰ کیا تھا ان کی بیٹی ٹائرین وائٹ عمران خان کی اولاد ہے۔ سیتا وائٹ دو ہزار پانچ میں انتقال کر گئی تھیں۔