لاہور سے عمران خان کے کاغذاتِ نامزدگی منظور

پاکستان تحریک انصاف کے سربراہ عمران خان کے لاہور سے حلقہ این اے ایک سو بائیس سے کاغذات نامزدگی منظور ہو گئے ہیں۔

جمعہ کو ریٹرننگ آفیسر نے کاغذاتِ نامزدگی پر اعتراضات کی درخواست پر عمران خان کو نوٹس جاری کیے تھے۔

سنیچر کو عمران خان کی جانب سے ایڈووکیٹ حامد خان ریٹرننگ آفیسر کے سامنے پیش ہوئے اور اعتراضات کو بے بنیاد اور مخالفین کی جانب سے کیچڑ اچھالنے کی سازش قرار دیا۔

لاہور کے حلقہ این اے ایک سو بائیس سے ایک ووٹر محمد اسلم نے اعتراضات کیے تھے کہ عمران خان کے ایک غیر ملکی خاتون سیتا وائٹ سے تعلقات رہے ہیں اور اس خاتون سے ان کی ایک بیٹی بھی ہیں۔

درخواست گزار کے مطابق آئین کے آرٹیکل باسٹھ اور تریسٹھ کے تحت عمران خان صادق اور امین نہیں رہے ہیں۔

اس کے علاوہ درخواست گزار نے اعتراض کیا کہ عمران خان کی سابق اہلیہ جمائمہ اب مسلمان نہیں رہی ہیں اور عمران خان کے دونوں بیٹوں کی پرورش کر رہی ہیں۔

خیال رہے کہ عمران خان کی گرل فرینڈ سیتا وائٹ نے دعویٰ کیا تھا ان کی بیٹی ٹائرین وائٹ عمران خان کی اولاد ہیں۔ سیتا وائٹ دو ہزار پانچ میں انتقال کر گئی تھیں۔