پرویز مشرف کے چترال سے کاغذاتِ نامزدگی منظور

پاکستان کے سابق فوجی صدر جنرل پرویز مشرف کے کراچی کے حلقہ این اے 250 سے کاغذاتِ نامزدگی مسترد جبکہ چترال کے حلقہ این اے 32 سے منظور ہو گئے ہیں۔

کراچی کے ریٹرننگ آفیسر کے بقول سابق صدر پر آئین سے انحراف اور ججوں کو نظر بند کرنے کے الزام ہیں اس لیے وہ انتخاب میں حصہ لینے کے اہل نہیں ہیں۔

جنرل ریٹائرڈ پرویز مشرف کراچی سے قومی اسمبلی حلقہ 250 سے امیدوار تھے اور سنیچر کو جماعتِ اسلامی کے سابق ضلعی ناظم نعمت اللہ خان نے ان کے کاغذات نامزدگی کو چیلنج کیا تھا۔

نعمت اللہ خان کے مطابق سابق فوجی صدر نے دو بار آئین توڑا ہے اس لیے وہ انتخابات میں حصہ لینے کے اہل نہیں ہیں۔

اس سے پہلے جمعہ کو پنجاب کے علاقہ قصور کے ریٹر ننگ آفیسر نے جنرل پرویز مشرف کے کاغذات نامزدگی مسترد کرتے ہوئے انہیں انتخابات میں حصہ لینے کے لیے نااہل قرار دیا تھا۔