زلزلہ:عالمی امدادی اداروں سے مدد کی اپیل

پاکستان کی فوج نے صوبہ بلوچستان میں زلزلے سے متاثرہ افراد کی امداد کے لیے عالمی امدادی اداروں سے مدد کی اپیل کی ہے۔

امدادی کارروائیوں میں مصروف نیم فوجی دستوں کے ترجمان نے بی بی سی کو بتایا کہ ماشکیل کے علاقے میں زلزلے سے متاثرہ افراد کو خیمے اور طبی امداد تو فراہم کی گئی ہے لیکن فوج کے پاس آنے والے ہفتوں اور مہینوں میں صرف اپنے بل بوتے پر متاثرین کو ریلیف فراہم کرنے کی صلاحیت نہیں ہے۔

ماشکیل میں منگل کو آنے والے زلزلے سے اب تک کم از کم 34 افراد کی ہلاکتوں کی تصدیق ہو چکی ہے جبکہ درجنوں افراد زخمی ہوئے ہیں۔

اس زلزلے سے متاثرہ علاقے میں سینکڑوں مکانات بھی منہدم ہوگئے تھے اور متاثرین تین دن سے کھلے آسمان تلے رہنے پر مجبور ہیں۔