خفیہ فنڈز کی تقسیم: ’معلومات عام کرنے کا حکم‘

پاکستان کے سپریم کورٹ نے کہا ہے کہ وزارتِ اطلاعات اور نشریات کی جانب سے خفیہ فنڈز میں دی گئی رقم کی تقسیم کی معلومات کو عام کیا جائے۔

جسٹس جواد ایس خواجہ کی سربراہی میں سپریم کورٹ کے دو رکنی بینچ نے یہ حکم نجی ٹی وی چینلوں کے مالکان کے اثاثوں کی چھان بین کے لیے کمیشن کی تشکیل سے متعلق دائر درخواستوں کی سماعت میں دیا۔

عدالت نے حکم دیا کہ صحافیوں میں تقسیم کی گئی رقم کے 282 کیسوں کی معلومات کو عام کیا جائے۔

مقدمے کی سماعت کے دوران عدالت میں دو دستاویزات جمع کرائی گئیں۔ ایک دستاویز میں نو کروڑ روپے کی تقسیم کی معلومات ہیں جبکہ دوسرے دستاویز میں صحافیوں میں 17 کروڑ روپے کی تقسیم کی تفصیلات ہیں۔

وزارت اطلاعات نے عدالت سے استدعا کی ہے کہ نو کروڑ روپے کی تقسیم کی دستاویز کو عام کیا جائے۔