غداری کا مقدمہ: سماعت کل تک ملتوی

سابق فوجی صدر کے خلاف غداری کا مقدمہ درج کرنے سے متعلق سپریم کورٹ میں دائر درخواستوں کی سماعت بدھ تک ملتوی کردی گئی ہے۔

جسٹس جواد ایس خواجہ کی سربراہی میں سپریم کورٹ کے تین رکنی بینچ نے مبنگل کو سابق فوجی صدر پرویز مشرف کے خلاف ملکی آئین توڑنے پر غداری کا مقدمہ چلانے سے متعلق دائر درخواستوں کی سماعت کی۔

یاد رہے کہ پیر کو پاکستان کی وفاقی نگراں حکومت نے سابق فوجی صدر پرویز مشرف کے خلاف آئین کے آرٹیکل چھ کے تحت کارروائی کرنے سے معذوری ظاہر کی ہے اور کہا ہے کہ یہ اُن کے دائرہ اختیار میں نہیں ہے۔

سابق فوجی صدر کے خلاف غداری کا مقدمہ درج کرنے سے متعلق دائر درخواستوں کی مد میں وفاق کی جانب سے جمع کروائے گئے جواب میں کہا گیا ہے کہ اس طرح کی کارروائی آنے والے وقت میں سیاسی جماعتوں اور ریاستی اداروں کے لیے طویل مدت تک متنازع بنی رہے گی اور بہتر ہوگا کہ یہ معاملہ آنے والی منتخب حکومت پر چھوڑ دیا جائے۔