معروف گلوکارہ شمشاد بیگم نہیں رہیں

برصغیر کی معروف گلوکارہ شمشاد بیگم کا ممبئی میں 94 سال کی عمر میں انتقال ہو گیا ہے۔

ان کی بیٹی اوشا نے اخباری نمائندوں کو بتایا کہ ‎’گزشتہ کئی مہینوں سے ان کی طبیعت ناساز تھی اور انہیں ہسپتال میں داخل کیا گیا تھا اورگزشتہ رات ان کا انتقال ہوگیا۔‘

انھوں نے یہ بھی بتایا کہ ‎’قریبی دوستوں اور رشتہ داروں کی موجودگی میں ان کی تجہیز و تکفین کر دی گئی۔‘

شمشاد بیگم 14 اپریل 1919ء میں امرتسر میں پیدا ہوئیں تھیں اور انھوں نے اپنا کیریئر لاہور سے شروع کیا۔

وہ ہندوستانی فلموں میں پلے بیک سنگر کی صف اول کی گلوکارہ تھیں۔ ان کے نغمے آج بھی لوگوں کو اپنی جانب متوجہ کرتے ہیں۔

ان کے گیتوں میں ’میرے پیا گئے رنگون‘،’ کبھی آر کبھی پار لاگا تیر نظر‘، ’کجرا محبت والا انکھیوں میں ایسا ڈالا‘، یا پھر’ کہیں پہ نگاہیں کہیں پہ نشانہ‘ شامل ہیں۔