صوبہ فریاب میں جھڑپیں، ہزاروں افراد بےگھر

افغانستان سے ملنے والی اطلاعات کے مطابق صوبہ فریاب کے ضلع قیصار کے کئی دیہات پر شدت پسندوں نے قبضہ کر لیا ہے اور علاقے میں ہزاروں افراد بے گھر ہو چکے ہیں۔

صوبے کے گورنر کے ترجمان جواد بیدار نے بی بی سی سے بات کرتے ہوئے کہا ہے کہ جھڑپوں میں ساٹھ سے زائد شدت پسند مارے جا چکے ہیں۔

صورتحال ابھی تک واضح نہیں ہے لیکن بعض اطلاعات کے مطابق ہلاک ہونے والے افراد میں خواتین اور بچے بھی شامل ہیں۔

صوبہ فریاب عام طور پر افغانستان کا ایک پرامن علاقہ سمجھا جاتا ہے۔