ڈھاکہ:منہدم ہونے والی عمارت کے مالک گرفتار

بنگلہ دیش کے دارالحکومت ڈھاکہ میں منہدم ہونے والی عمارت کے مالک کو گرفتار کر لیا گیا ہے۔

پولیس کا کہنا ہے کہ عمارت کے مالک محمد سہیل رانا واقعے کے بعد سے فرار تھے اور انہیں بھارت کی ریاست مغربی بنگال کی سرحد کے قریب سے گرفتار کیا گیا ہے۔

عمارت کے مالک کی گرفتاری کی خبر کے ساتھ ہی ڈھاکہ میں متاثرہ عمارت کےسامنے کھڑے افراد میں خوشی کی لہر دوڑ گئی۔

ڈھاکہ کے مضافاتی علاقے میں منہدم ہونے والی آٹھ منزلہ عمارت سے دو ہزار افراد کو باہر نکالا جا چکا ہے اور اس واقعے میں کم از کم تین سو ساٹھ افراد ہلاک ہو چکے ہیں۔