کراچی: پولنگ سٹیشنز میں فوج کی تعیناتی کا مطالبہ

پاکستان کے سب سے بڑے شہر کراچی میں عام انتخابات کے دوران امن و امان کے قیام کے حوالے سے طلب کی جانے والی کل جماعتی کانفرس میں شریک سترہ جماعتوں نے پولنگ سٹیشنز پر فوج کی تعیناتی کا مطالبہ کیا ہے۔

منگل کو صوبہ سندھ کے نگراں وزیراعلیٰ جسٹس ریٹائرڈ زاہد قربان علوی کی صدارت میں ہونے والی ایک کانفرنس میں22 جماعتوں نے شرکت کی۔

اس کانفرنس میں سابق حکمراں اتحاد پاکستان پیپلز پارٹی، ایم کیو ایم اور اے این پی نے پولنگ سٹیشنز میں فوج کی تعیناتی کی مخالفت کی۔

صوبائی وزیر اطلاعات کے مطابق وزارتِ دفاع کو فوج کی تعیناتی کے لیے تحریری درخواست دی گئی ہے اور ضرورت پڑنے پر فوج کو پولنگ سٹیشنز پر تعینات کیا جا سکے گا۔