جھل مگسی میں فائرنگ، آزاد امیدوار ہلاک

پاکستان کے صوبہ بلوچستان کے ضلع جھل مگسی میں نامعلوم افراد کی فائرنگ سے انتخابی امیدوار عبدالفتح مگسی ہلاک ہوگئے ہیں۔

عبدالفتح مگسی بلوچستان اسمبلی کی نشست پی بی 32 سے آزاد امیدوار تھے۔

علاقے کے ڈپٹی کمشنر سعید عمرانی نے بی بی سی اردو کو بتایا کہ عبدالفتح مگسی پر نامعلوم افراد نے منگل کو جھل مگسی میں حملہ کیا۔

ان کا کہنا تھا کہ اس موقع پر عبدالفتح کے حامیوں اور حملہ آوروں کے مابین فائرنگ کا تبادلہ بھی ہوا۔

ادھر الیکشن کمیشن نے عبدالفتح مگسی کی ہلاکت کی وجہ سے اس حلقے میں عام انتخابات ملتوی کر دیے ہیں اور یہاں عام انتخابات کا شیڈول بعد میں جاری کیا جائے گا۔