کرم ایجنسی:انتخابی جلسے میں دھماکہ، چھ ہلاک

پاکستان کے قبائلی علاقے کرم ایجنسی میں حکام کے مطابق جمعیت علماء اسلام(ف) کے قومی اسمبلی کی نشست سے امیدوار منیر اورکزئی کے انتخابی جلسے پر بم حملے میں کم از کم چھ افراد ہلاک اور تیس زخمی ہو گئے ہیں۔

کرم ایجنسی کی پولیٹکل انتظامیہ کے مطابق وسطیٰ کرم ایجنسی کے علاقے سیواک میں سابقہ ممبر قومی اسمبلی اور جمعیت علماء اسلام(ف) کے امیدوار منیر اورکزئی کا انتخابی جلسہ جیسے ہی اختتام پذیر ہوا تو اس دوران ایک زور دار دھماکہ ہو گیا۔

پولیٹکل انتظامیہ کے مطابق دھماکے میں کم از کم چھ افراد ہلاک اور تیس زخمی ہو گئے ہیں۔

زخمیوں اور ہلاک ہونے والوں کو پاڑہ چنار کے ضلعی ہسپتال میں منتقل کر دیا گیا ہے اور علاقے کو سکیورٹی فورسز نے گھیرے میں لے لیا ہے۔