بنوں میں بم دھماکہ، متعدد افراد زخمی

بنوں میں پولیس تھانہ ڈومیل کے قریب پولیس کے رہائشی مکانات میں ایک زوردار دھماکا ہوا جس سے 20 کے لگ بھگ افراد زخمی ہوئے ہیں۔

زخمیوں میں چار پولیس اہلکاروں کے علاوہ خواتین اور بچے بھی شامل ہیں۔

پولیس افسر نبی شاہ نے بی بی سی کو بتایا کہ بدھ کے صبح فجر کی نماز کے تھوڑی دیر بعد پولیس کوارٹروں کے قریب رکھا بم پھٹ گیا، جس سے کئی قریبی مکانات منہدم ہو گئے۔

ایک سویلین رہائشی ڈاکٹر گل کا مکان مکمل طور پر گر گیا اور ان کے بچے اور خواتین ملبے تلے دب گئے۔

پولیس افسر نے کہا کہ امدادی کارروائیاں جاری ہیں اور لوگوں کو ملبے سے نکالا جا رہا ہے۔