چینی وزیر اعظم کی 22 مئی کو پاکستان آمد

چینی وزیراعظم لی کیچیانگ مئی کی 22 تاریخ کودو روزہ دورے پر پاکستان پہنچ رہے ہیں جہاں وہ انتخابات کے بعد ابھرکرسامنے آنے والی سیاسی قیادت سے ملاقاتیں کریں گے۔

پاکستانی دفترخارجہ سے جاری ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ چین کے وزیراعظم 22 اور23 مئی کو پاکستان کے دورے پرآئیں گے اور اپنے قیام کے دوران وہ پاکستان کی نومنتخب قیادت سے ملیں گے۔

بیان میں یہ بھی کہا گیا ہے کہ اس دورے کے نتیجے میں دونوں ملکوں کے مابین اسٹریٹجک تعلقات مزید بہتر ہونگے۔

دفترخارجہ کے اس بیان میں کہا گیا ہے کہ چین کے ساتھ دوستانہ تعلقات پاکستان کی خارجہ پالیسی میں کلیدی حیثیت رکھتے ہیں اور پاکستان کی حکومت اوعوام وزیراعظم لی کیچیانگ کے دورے کے گرم جوشی سے انتظارکر رہے ہیں۔