کراچی کے این اے 250 میں پولنگ جاری

کراچی کے حلقہ این اے 250 کے 43 پولنگ سٹیشنوں میں دوبارہ پولنگ جاری ہے۔ پولنگ شام پانچ بجے تک بغیر کسی وقفے کے جاری رہے گی۔

پاکستان کے سرکاری ٹیلی ویژن کی اطلاع کے مطابق اس موقعے پر سکیورٹی کے سخت انتظامات کیے گئے ہیں، اور رینجرز اور پولیس اہلکاروں کو تعینات کیا گیا ہے۔

متحدہ قومی موومنٹ، جماعتِ اسلامی اور پیپلزپارٹی پہلے ہی پولنگ کے بائیکاٹ کا اعلان کر چکی ہیں۔

جمعے کے روز تحریک ِانصاف کے ڈاکٹر عارف علوی نے الیکشن کمیشن کے سامنے استدعا کی تھی کہ اس حلقے کے 43 پولنگ سٹیشنوں پر مبینہ طور پر دھاندلی کی گئی، انتخابی عمل تاخیر سے شروع ہوا یا عملہ غیر تربیت یافتہ تھا اس لیے مذکورہ پولنگ سٹیشنوں پر دوبارہ انتخابات کروائے جائیں۔

اس کے علاوہ سندھ اسمبلی کے حلقوں پی ایس 112 اور 113 میں بھی پولنگ جاری ہے۔