آئی پی ایل سپاٹ فکسنگ: کھلاڑیوں پر تاحیات پابندی کا امکان

بھارتی کرکٹ بورڈ کے سربراہ نے امکان ظاہر کیا ہے کہ سپاٹ فکسنگ میں ملوث تین بھارتی کرکٹروں پر تاحیات پابندی لگائی جا سکتی ہے۔

این سری نواسن نے بھارتی شہر چینئی میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ آئی پی ایل میں مبینہ سٹے بازی پر نظر رکھنے کے لیے نئے قوانین وضع کیے جائیں گے۔

انھوں نے کہا کہ دہلی پولیس سپاٹ فکسنگ کے اس واقعے کی تحقیقات کر رہی ہے۔

واضح رہے کہ بھارتی پولیس نے جمعرات کو انڈین پریمیئر لیگ کے دوران سپاٹ فکسنگ کے الزام میں راجستھان رائلز کے تین کھلاڑیوں اور گیارہ سٹہ بازوں کو گرفتار کیا تھا۔

گرفتار ہونے والے کھلاڑیوں میں بھارتی قومی کرکٹ ٹیم کے فاسٹ بالر شری سنت کے علاوہ انکت چوہان اور اجیت چنڈیلیا شامل ہیں۔ بھارتی کرکٹ بورڈ نے ان تینوں کو فوری طور پر معطل کر دیا تھا۔