گجرات: دھماکے اور آگ سے پندرہ بچے ہلاک

پاکستان کے صوبہ پنجاب میں ضلع گجرات کے علاقے کوٹ فتح کے قریب سکول وین میں دھماکے اور آگ سے پندرہ بچے اور ایک سکول ٹیچر ہلاک جبکہ سات بچے شدید زخمی ہوگئے ہیں۔

مقامی پولیس نے ہمارے نامہ نگار عبادالحق کو بتایا کہ یہ واقعہ سنیچر کی صبح گجرات میں کوٹ فتح کے قریب سکول کی وین میں گیس سلنڈر پھٹنے کی وجہ سے پیش آیا۔

عزیز بھٹی شہید کے ڈاکٹر کامران نے بی بی سی کو بتایا کہ اس واقعے میں پندرہ بچے اور ایک سکول ٹیچر ہلاک ہو گئے ہیں جبکہ سات بچے شدید زخمی ہو گئے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ بچوں کی عمریں دس سے بارہ سال کے درمیان معلوم ہوتی ہیں۔