برطانوی مسلمانوں کےخلاف نفرت کے واقعات میں اضافہ

لندن کے مشرقی علاقے وولچ می بدھ کے روز ایک برطانوی فوجی کے قتل کے بعد برطانیہ میں مسلمانوں کے خلاف نفرت کے واقعات میں زبردست اضافہ دیکھنے میں آیا ہے۔

فیتھ میٹرز نامی چیرٹی کی ہیلپ لائن کو ایک سوباسٹھ ایسے واقعات کی اطلاع ملی ہے جس میں مسلمانوں کےخلاف نفرت کا اظہار کیاگیا ہے۔ اس سے پہلے اس چیرٹی کو روزانہ اوسطاً چھ ایسے واقعات کی اطلاع ملتی تھی۔

برطانوی پولیس نے متعدد افراد کو سوشل میڈیا کی ویب سائٹوں پر مسلمانوں کے خلاف نفرت انگیز مواد چھاپنے کے الزام میں گرفتار کیا ہے۔

برطانوی فوجی لی رگبی کو بدھ کے روز وولچ کی بارکوں کے نزدیک بہیمانہ انداز میں قتل کر دیا گیا تھا۔

فوجی کی ہلاکت کے بعد اٹھائیس سالہ مائیکل ادیبولاجو کو یہ کہتے ہوئے کمیرہ پر ریکارڈ کیا کہ اس نے افغانستان اور عراق میں برطانوی فوجیوں کے ہاتھوں مسلمانوں کےقتل کا بدلہ لیا ہے۔