چیئرمین پی سی بی کو کام کرنے سے روک دیا گیا

اسلام آباد ہائی کورٹ نے پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیئرمین چوہدری ذکاء اشرف کو مزید کام کرنے سے روک دیا ہے۔

عدالت نے یہ حکم آرمی کرکٹ ٹیم کے سابق کوچ میجر ریٹائرڈ ندیم سڈل کی درخواست پر دیا جس میں اُنہوں نے استدعا کی تھی کہ پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیئرمین کے انتخابات میں قواعد و ضوابط کی پاسداری نہیں کی گئی۔

جسٹس شوکت عزیز صدیقی نے اس درخواست کی سماعت کی۔ سماعت میں مدعی نے موقف اختیار کیا کہ کرکٹ بورڈ میں بورڈ آف گورنرز کی نمائندگی درست نہیں تھی کیونکہ اس میں پنجاب کو کوئی نمائندگی نہیں دی گئی تھی جو کہ نہ صرف خلاف ضابطہ ہے بلکہ کرکٹ بورڈ کے آئین سے بھی متصادم ہے۔

اُنہوں نے کہا کہ چیئرمین کرکٹ بورڈ کے انتخابات کے لیے بھی جو بورڈ تشکیل دیا گیا تھا وہ بھی درست نہیں ہے۔

عدالت نے درخواست گُزار کے موقف کو تسیلم کرتے ہوئے چوہدری ذکاء اشرف کو مزید کام کرنے سے روک دیا ہے اور اس درخواست میں بنائے گئے فریقین سے تفصیلی جواب طلب کر لیا ہے۔ اس درخواست میں وفاق کے علاوہ،پاکستان سپورٹس بورڈ، وزارت بین الصوبائی رابطہ کمیٹی اور پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیئرمین کو فریق بنایا گیا ہے۔