’طالبان کمانڈر ولی الرحمان ڈرون حملے میں ہلاک‘

پاکستان کے عسکری ذرائع کے مطابق قبائلی علاقے شمالی وزیرستان میں بدھ کو ہونے والے ڈرون حملے میں کالعدم تحریک طالبان پاکستان کے اہم کمانڈر ولی الرحمان بھی ہلاک ہوئے ہیں۔

ولی الرحمان تنظیم کے ترجمان بھی رہ چکے ہیں اور انہیں تنظیم کا دوسرا اہم ترین کمانڈر تصور کیا جاتا ہے۔

شمالی وزیرستان میں عسکری ذرائع کے مطابق امریکی ڈرون حملے میں طالبان کمانڈر ولی الرحمان کے علاوہ فخرِ عالم، نصیرالدین اور نصراللہ نامی شدت پسند ہلاک اور دو شدت پسند شہاب الدین اور سید الرحمان زخمی ہوئے ہیں۔

طالبان کمانڈر کی ہلاکت کی آزاد ذرائع یا طالبان کی جانب سے تاحال تصدیق نہیں ہو سکی ہے۔

پاکستان میں عام انتخابات کے انعقاد اور امریکی صدر براک اوباما کی ڈرون حملوں کے بارے میں نئی پالیسی کے اعلان کے بعد قبائلی علاقے شمالی وزیرستان میں پہلا ڈرون حملہ تھا اور حملے کے خلاف پاکستان نے شدید احتجاج کیا ہے۔