ہنگو: پی ٹی آئی کے رہنما فائرنگ میں ہلاک

پاکستان کے صوبہ خیبر پختونخوا کے ضلع ہنگو میں نامعلوم افراد کی فائرنگ سے تحریک انصاف کے رہنما اور ممبر صوبائی اسمبلی فرید خان ہلاک ہو گئے ہیں۔

انہوں نے گیارہ مئی کے عام انتخاب میں پہلی مرتبہ حصہ لے کر سیاست کے میدان میں بھی قدم رکھا۔ آزاد حیثیت میں صوبائی اسمبلی کے رکن منتخب ہوئے اور بعد میں تحریک انصاف میں شامل ہو گئے۔

فرید خان نے ہنگو سے جمعیت علماء اسلام (ف) کے مضبوط ترین امیدوار عتیق الرحمان کو شکست دی جو اس سے پہلے دو مرتبہ صوبائی اسمبلی کے رکن رہ چکے ہیں۔

فرید خان بچپن سے علاقے میں فلاحی کاموں میں دلچسپی لیتے رہے جس کی وجہ سے ان کا عوام سے ایک مضبوط رابط قائم رہا اور بعد میں وہ اسی بنیاد پر ضلع میں ایک رہنما کے طور پر بھی سامنے آئے۔ وہ لوگوں کے مسائل بغیر کسی مالی فائدہ کے حل کرنے کے حوالے سے پورے علاقے میں شہرت رکھتے تھے۔

صوبائی اسمبلی کے رکن کی حیثیت سے حلف اٹھانے کے بعد انہوں نے بی بی سی سے بات کرتے ہوئے کہا تھا کہ جب وہ ریٹرنگ آفیسر کے دفتر میں کاغذات نامزدگی داخل کرانے گئے تو اس وقت ان کے جیب میں صرف سو روپے تھے جو اس وقت ان کا کل اثاثہ تھا۔

ان کے مطابق انتخابی مہم کے زیادہ تر اخراجات بھی ان کے دوستوں اور رشتہ دار نے برداشت کیے۔