ڈرون حملہ، امریکی سفارت کار کی دفتر خارجہ طلبی

پاکستان نے شمالی وزیرستان میں ڈرون حملے پر امریکی سفارت خانے کے ناظم الامور رچرڈ ہوگلینڈ کو دفتر خارجہ طلب کر کے شدید احتجاج ریکارڈ کرایا ہے۔

پاکستان کے سرکاری ذرائع ابلاغ کے مطابق امریکی ڈرون حملے کے بعد وزیراعظم نواز شریف کی ہدایت پرامریکی سفارت خانے کے ناظم الامور کو دفتر خارجہ طلب کیا گیا جہاں وزیراعظم کے معاون خصوصی طارق فاطمی نے ڈرون حملوں پر احتجاج ریکارڈ کرایا۔

سرکاری میڈیا کے مطابق دفتر خارجہ نے ڈرون حملوں پر شدید احتجاج کرتے ہوئے اس موقف کو دوہرایا کہ ڈرون حملوں سے دہشت گردی کے خلاف جنگ پر منفی اثرات مرتب ہو رہے ہیں۔

اس سے پہلے جعمہ کو نواز شریف نے امریکی سفارت خانے کے ناظم الامور رچرڈ ہوگلینڈ کو بھیجے گئے پیغام میں پاکستان میں امریکی ڈرون حملوں پر گہری تشویش اور مایوسی کا اظہار کیا اور کہا کہ پاکستان کے قبائلی علاقوں میں ڈرون حملے پاکستان کی خودمختاری کی خلاف ورزی ہیں۔