’وفاقی بجٹ میں گردشی قرضوں میں کمی پر توجہ‘

پاکستان کے وزیر خزانہ اسحاق ڈار نے کہا ہے کہ بارہ جون کو پیش کیے جانے والے وفاقی بجٹ میں گردشی قرضوں میں کمی پر توجہ دی جائے گی۔

وزیر خزانہ نے سنیچر کو اسلام آباد میں صحافیوں سے بات کرتے ہوئے کہا کہ گردشی قرضے پانچ سو ارب روپے تک پہنچ چکے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ عوام کے مسائل اور لوڈشیڈنگ کے معاملے کو حل کرنے کے لیے خصوصی اقدامات کیے جائیں گے۔

وزیر خزانہ کے مطابق عالمی مالیاتی ادارہ آئی ایم ایف کا ایک وفد رواں ماہ کے آخر میں پاکستان کا دورہ کر رہا ہے اور دورے کے دوران قرضوں کی دوبارہ ادائیگی کے معاملے پر مذاکرات کیے جائیں گے۔

واضح رہے کہ پاکستان میں بجلی کی لوڈشیڈنگ کا سنگین بحران جاری ہے۔ اس بحران کی چند وجوہات میں سے ایک گردشی قرضے ہیں۔