وزیراعلیٰ بلوچستان کا بلامقابلہ انتخاب یقینی

پاکستان کے صوبہ بلوچستان میں نیشنل پارٹی کے رہنما ڈاکٹر عبدالمالک بلوچ کا بلامقابلہ وزیراعلیٰ منتخب ہونا یقینی ہوگیا ہے۔

بلوچستان اسمبلی میں قائدِ ایوان کے لیے کاغذات نامزدگی سنیچر کی دوپہر دو بجے تک جمع کرائے جا سکتے تھے لیکن بی بی سی کے نامہ نگار کے مطابق کسی امیدوار نے مقررہ وقت کے اختتام تک ڈاکٹر عبدالمالک کے مقابلے میں کاغذات داخل نہیں کیے۔

بلوچستان اسمبلی میں قائدِ ایوان کے انتخاب کے لیے اجلاس اتوار کو 11 بجے منعقد ہوگا جس میں ڈاکٹر عبدالمالک کے انتخاب کا باقاعدہ اعلان ہوگا۔

ڈاکٹر عبدالمالک قائد ایوان کے لیے بلوچستان نیشنل پارٹی، پاکستان مسلم لیگ نواز اور پختوانخواہ عوامی ملی پارٹی کے مشترکہ اُمیدوار ہیں جبکہ جمعیتِ علماء اسلام فضل الرحمان گروپ نے بھی سنیچر کو ان کی حمایت کا اعلان کیا ہے۔