معلومات افشا کرنے والے سنوڈن ’غدار‘ ہیں

امریکی ایوانِ نمائندگان کے سپیکر جان بوہینر نے فون اور انٹرنیٹ کی نگرانی کے متنازع امریکی حکومتی پروگرام کے بارے میں معلومات افشا کرنے والے ایڈورڈ سنوڈین کو غدار قرار دیا ہے اور کہا ہے کہ ان کے اس عمل سے لوگوں کی جان کو خطرات لاحق ہوئے ہیں۔

امریکی کانگریس نے پرزم نامی اس پروگرام کے بارے میں مزید معلومات بھی طلب کی ہیں۔

ادھر گوگل نے امریکی محکمۂ انصاف سے سکیورٹی کے بارے میں ان معلومات کی تعداد شائع کرنے کی اجازت مانگی ہے جن کے بارے میں امریکی حکومت نے استفسار کیا تھا۔

گوگل کے مطابق وہ یہ ثابت کرنا چاہتا ہے کہ اس نے حکام کو صارفین کے مواد تک لامحدود رسائی نہیں دی۔