زیارت میں بم دھماکے، ایک ہلاک

بلوچستان کے علاقے زیارت میں بانی پاکستان محمد علی جناح کی قیام گاہ زیارت ریزیڈنسی کے قریب نصب بم پھٹنے سے ایک شخص ہلاک ہو گیا۔

ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر نصیب کاکٹر نے بی بی سی کو بتایا کہ جمعہ اور سنیچر کی درمیانی شب چار مسلح افراد زیارت ریزیڈنسی داخل ہوئے اور انھوں نے وہاں بم نصب کیے۔

انھوں نے بتایا مسلح افراد کی جانب سے نصب کیے جانے والے بم پھٹنے کے نتیجے میں زیارت ریزیڈنسی کی عمارت کو نقصان پہنچا۔

ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر کے مطابق مسلح افراد کی فائرنگ سے ایک پولیس اہلکار بھی ہلاک ہو گیا۔

زیارت بلوچستان کا ایک پرفضا سیاحتی مقام ہے اور پاکستان کے بانی اور پہلے گورنر جنرل محمد علی جناح اپنی وفات سے قبل یہاں مقیم رہے تھے۔