قلعہ سیف اللہ: حملے میں تین پولیس اہلکار ہلاک

پاکستان کے صوبہ بلوچستان کے ضلع قلعہ سیف اللہ میں ایک پولیس چیک پوسٹ پر حملے میں تین پولیس اہلکار ہلاک ہو گئے ہیں۔

صحافی متیع اللہ جان کے مطابق یہ واقعہ اتوار کو سہ پہر ضلع قلعہ سیف اللہ کی تحصیل مسلم باغ میں پیش آیا۔

ڈپٹی کمشنر قلعہ سیف اللہ بشیر بنگلزئی نے بی بی سی کو بتایا کہ ایک موٹر کار اور دو موٹر سائیکلوں پر سوار نامعلوم حملہ آوروں نے تحصیل مسلم باغ سے تقریباً سات کلو میٹر کے فاصلے پر واقع ایک پولیس چیک پوسٹ پر حملہ کر کے تین پولیس اہلکاروں کو ہلاک کیا۔

انہوں بتایا کہ مسلحہ حملہ آور حملہ کرنے کے بعد فرار ہوئے۔

ڈپٹی کمشنر نے مزید کہا کہ واقعے کے بعد سکیورٹی فورسز نے علاقے کو گھیرے میں لیا اور تحقیقات شروع کر دیں۔