’بحٹ منظوری سے پہلے جی ایس ٹی میں اضافہ غیر آئینی ہے‘

پاکستان کی سپریم کورٹ نے حکومتِ پاکستان کی طرف سے پٹرولیم مصنوعات پر بجٹ منظوری سے پہلے جنرل سیلز ٹیکس میں اضافے کو غیر آئینی قرار دیا۔

پاکستان کے سرکاری ٹی وی پی ٹی وی کے مطابق سپریم کورٹ نے جمعرات کو پیٹرولیم مصنوعات کے سیلز ٹیکس کے متعلق ازخود نوٹس کیس کے مختصر فیصلے میں کہا کہ تیرہ جون سے جنرل سیلز ٹیکس کی وصولی غیر آئینی ہے۔

سپریم کوٹ نے سی این جی پر نو فیصد ٹیکس کو بھی غیر آئینی قرار دیا۔

سپریم کورٹ نے کہا کہ جس قانون کے تحت جی ایس ٹی میں اضافہ کیا گیا وہ غیر آئینی ہے اور حکومت کے پاس ڈیکلریشن کے ذریعے بغیر منی بل پاس کیے ٹیکس بڑھانے کا اختیار نہیں ہے۔

سپریم کورٹ نے حکومت سے کہا کہ ٹیکس کی مد میں اکٹھی کی گئی رقم قومی خزانے میں جمع کر ا دی جائے اور اسے صارفین کو واپس دینے کے لیے مناسب حکم جاری کیا جائے۔