مینگورہ: جھڑپ میں دو شدت پسند ہلاک

سوات کے مرکزی شہر مینگورہ کے قریبی علاقے تختہ بند ڈنڈانو قلعہ میں بدھ اور جمعرات کی درمیانی شب پولیس اور شدت پسندوں کے درمیان جھڑپ میں دو شدت پسند ہلاک ہوئے ہیں۔

جھڑپ میں ایک پولیس اہلکار ہلاک جبکہ ایک زخمی بھی ہوئے۔

پولیس حکام کے مطابق بدھ کی شام تھانہ رحیم آباد کی پولیس وین پر اس وقت حملہ کیا گیا جب وہ معمول کی گشت پر تھی۔

تھانہ رحیم آباد کے محرر انور نے بی بی سی کو بتایا کہ دہشت گردوں کی فائرنگ سے ایک پولیس اہلکار شوکت ہلاک جبکہ ایک اہلکار فرمان شدید زخمی ہوگیا۔

پولیس کے مطابق شدت پسندوں نے یوسف آباد میں ایک گھر میں پناہ لے لی اور وہ پولیس پر رات بھر فائرنگ کرتے رہے۔