اخوان کے رہنماؤں کے اثاثے منجمد کرنے کا حکم

مصر میں عدالتی ذرائع کے مطابق پبلک پراسیکیوٹر نے اخوان المسلمین کے چودہ رہنماؤں کے اثاثے منجمد کرنے کا حکم دیا ہے۔

اطلاعات کے مطابق جن رہنماؤں کے اثاثے منجمد کیے گئے ہیں ان میں اخوان المسلمین کے سربراہ محمد بدایع بھی شامل ہیں۔

محمد بدایع سمیت جماعت کے دیگر اعلیٰ رہنماؤں کے وارنٹ گرفتاری پہلے ہی جاری کیے جا چکے ہیں جبکہ معزول صدر محمد مرسی فوج کی حراست میں ہیں۔

اس سے پہلے پبلک پراسیکیوٹر کا دفتر فوجی بغاوت میں برطرف کیے جانے والے صدر محمد مرسی اور ان کی جماعت اخوان المسلیمن کے بعض اراکین کے خلاف شکایات کی تحقیقات کر رہا ہے۔

سنیچر کو پبلک پراسیکیوٹر کے دفتر سے جاری ہونے والے ایک بیان میں کہا گیا کہ اسے جاسوسی، مظاہرین کو ہلاک کرنے پر اکسانے، فوجی بیرکوں پر حملہ کرنے اور ملکی معیشت کو نقصان پہچانے کی شکایت موصول ہوئی ہیں۔