بغداد میں 2 دھماکے، 16 ہلاک

عراق کے دارالحکومت بغداد میں ایک خودکش حملے اور ایک بم دھماکے میں 16 افراد ہلاک اور 40 سے زیادہ زخمی ہوگئے۔

خودکش حملہ شہر کے جنوبی حصے میں سنّی اکثریتی علاقے دورا میں ہوا۔

حکام کے مطابق خودکش حملہ آور نے سنیچر کی شام افطار کے بعد نماز کے لیے جمع ہونے والے افراد کو نشانہ بنایا۔

طبی ذرائع کا کہنا ہے کہ اس حملے میں کم از کم 13 افراد ہلاک اور 30 سے زیادہ زخمی ہوئے جن میں سے کچھ کی حالت نازک ہے۔

بغداد کے شمال مشرقی علاقے میں بم دھماکے کا نشانہ ایک جنازہ بنا اور اس حملے میں مزید تین افراد ہلاک ہوئے۔ اس دھماکے میں دس افراد زخمی بھی ہوئے۔