عراق:مسجد میں دھماکے سے بیس افراد ہلاک

عراق میں حکام کا کہنا ہے کہ سنی مسلک کی ایک مسجد میں ہونے والے ایک بم دھماکے میں کم از کم بیس افراد ہلاک ہو گئے ہیں۔

حکام کے مطابق دھماکہ وسطی صوبہ دیالی کے شہر وجیحہ میں واقع مسجد ابوبکر الصدیق میں ہوا۔

دھماکے میں کم از کم بیس افراد ہلاک اور چالیس زخمی ہو گئے ہیں۔

عراق میں گزشتہ کچھ عرصے سے تشدد کے واقعات میں غیر معمولی اضافہ ہوا ہے اور ان واقعات میں کئی مساجد کو نشانہ بنایا گیا۔

رواں ماہ اقوام متحدہ کی ایک رپورٹ کے مطابق عراق میں اپریل سے اب تک پچیس سو افراد ہلاک ہو چکے ہیں۔

عراق میں تشدد کے زیادہ تر واقعات فرقہ وارانہ نوعیت کے ہیں۔