’سکیورٹی کی تفصیلات بتانے کی اجازت دی جائے‘

امریکی کمپنی ایپل، گوگل اور درجنوں دیگر ٹیکنالوجی کمپنیوں نے امریکی حکام سے درخواست کی ہے کہ انھیں سکیورٹی سے متعلق مزید تفصیلات منظر عام پر لانے کی اجازت دی جائے۔

اگر یہ اجازت مل جاتی ہے تو یہ کمپنیاں اپنے ڈیٹا کی نوعیت سے متعلق اعدادوشمار کو باقاعدگی سے رپورٹ کرنے کے قابل ہو سکیں گی۔

خیال رہے کہ سابق امریکی جاسوس ایڈورڈ سنوڈن نے حال ہی میں امریکہ میں بڑے پیمانے پر انٹرنیٹ اور فون کالوں کی نگرانی کے پروگرام پرزم کے بارے میں راز افشاء کیے تھے جس کے بعد سے یہ کمپنیاں اپنی آزادی کو برقرار رکھنا چاہتی ہیں۔

کہا جا رہا ہے کہ امریکی حکام ان کمپنیوں کی جانب سے کی گئی درخواست پر غور کر رہی ہے۔

امریکی کمپنیوں نے یہ درخواست نیشنل سکیورٹی ایجنسی کے ڈائریکٹر جنرل کیتھ ایلیگزینڈر کو لکھے گئے ایک خط میں کی ہے۔