ڈی ایچ اے کے اکاؤنٹس منجمد کرنے کا حکم

سپریم کورٹ نے ایمپلائز اولڈ ایج بینیفٹ انسٹیٹیوشن (ای او بی آئی) کے اکاؤنٹس میں بے ضابطگیوں سے متعلق از خود نوٹس کی سماعت میں فوج کے زیرانتظام چلنے والے ادارے ڈیفنس ہاؤسنگ اتھارٹی اسلام آباد کے اکاؤنٹ منجمد کر دیے ہیں۔

یہ اکاؤنٹس عدالتی حکم کے باوجود بائیس ارب ررپے سرکاری خزانے میں جمع نہ کراونے پر منجمد کیے گئے اور جمعہ کو عدالت نے اپنے حکم میں کہا ہے کہ جب تک یہ رقم جمع کروانے کے بعد سپریم کورٹ کے رجسٹرار آفس کو آگاہ نہیں کیا جاتا اُس وقت تک اکاؤنٹ منجمد ہی رہیں گے۔

عدالت نے اپنے حکم میں یہ بھی کہا ہے کہ ڈی ایچ اے اسلام آباد کے حکام رقم کی ادائیگی تک کوئی نیا اکاؤنٹ بھی نہیں کھلوا سکتے۔

دوسری طرف ڈی ایچ اے کے وکیل نے کہا کہ عدالت ایسا حکم نہ دیں ورنہ ڈی ایچ اے میں زمین کی قیمتیں گرجائیں گی۔