مصر: پولیس سٹیشن کے باہر دھماکہ، سترہ زخمی

مصر کے شہر منصورہ میں ایک پولیس سٹیشن کے باہر بم دھماکے میں کم از کم سترہ افراد زخمی ہو گئے ہیں۔

حکام کے مطابق زخمیوں میں پولیس اہلکار اور عام شہری شامل ہیں۔

اطلاعات کے مطابق دھماکے میں ایک شخص ہلاک ہوا ہے تاہم ابھی تک سرکاری طور پر اس کی تصدیق نہیں ہو سکی ہے۔

بم دھماکہ ایک ایسے وقت ہوا ہے جب معزول صدر محمد مرسی کے حامیوں اور مخالفین میں جھڑپیں دوبارہ شروع ہوئی ہیں۔

جھڑپوں میں متعدد افراد ہلاک ہو گئے ہیں۔ مصر میں فوج کی جانب سے صدر مرسی کو معزول کیے جانے کے بعد سے پرتشدد واقعات جاری ہیں جس میں درجنوں افراد مارے جا چکے ہیں۔