’تجویز اور تائید کنندہ گان 3 بجے تک پیش ہوں‘

پاکستان کے الیکشن کمیشن نے کہا ہے کہ ملک میں ہونے والے صدارتی انتخابات کے امیدوار یا ان کے تجویز اور تائید کنندہ گان اگر جمعے کو تین بجے تک الیکشن کمیشن کے سامنے پیش نہیں ہوتے تو ان کے کاغذاتِ نامزدگی مسترد کر دیے جائیں گے۔

پاکستان کے سرکاری ٹی وی کے مطابق الیکشن کمیشن میں صدارتی امیدواروں کے کاغذاتِ نامزدگی کی جانچ پڑتال جاری ہے۔

چیف الیکشن کمشنر فخرالدین جی ابراہیم ریٹرننگ افسر کی ذمہ داری ادا کر رہے ہیں۔

سرکاری ٹی وی کے مطابق اب تک پاکستان مسلم نون کے امیدوار ممنون حسین اور ان کے کورنگ امیدوار اقبال ظفر جھگڑا کے کاغذاتِ نامزدگی منظور کر لیے گئے۔

الیکشن کمیشن نے پاکستان تحریکِ انصاف کے امیدوار جسٹس ریٹائرڈ وجیہ الدین کے کاغذاتِ نامزدگی بھی کر لیے ہیں۔