پی پی پی کا صدارتی انتخابات کے بائیکاٹ کا اعلان

پاکستان پیپلز پارٹی نے تیس جولائی کو ہونے والے ملک کے صدارتی انتخابات کا بائیکاٹ کا اعلان کیا ہے۔

اسلام آباد میں جمعہ کو ایک پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے پی پی پی کے رہنما رضا ربانی نے کہا کہ ان کی جماعت نے جمہوریت اور وفاق کی خاطر ملک کے صدارتی انتخابات کے بائیکاٹ کا فیصلہ کیا ہے۔

انھوں نے کہا کہ پی پی پی نے بھر پور انداز میں صدارتی مہم چلائی۔ انھوں نے اشارہ دیا کہ انتخابات کے شیڈول میں تبدیلی کی وجہ سے انھیں یہ فیصلہ کرنا پڑا ہے۔

یاد رہے کہ بدھ کو سپریم کورٹ کے چیف جسٹس کی سربراہی میں تین رکنی بینچ نے پی ایم ایل نواز کے صدارتی انتخابات کی تاریخ کو آگے کرنے کی درخواست کی سماعت کرتے ہوئے الیکشن کمیشن کو صدارتی انتخاب تیس جولائی کو کرانے کا حکم دیا ہے۔

رضا ربانی نے عوامی نیشنل پارٹی بی این پی عوامی اور دوسری سیاسی جماعتوں کی طرف سے حمایت پر ان کا شکریہ ادا کیا۔