پاکستان کی جانب سے بھارتی سفارتخانے پر حملے کی مذمت

پاکستان نے افغانستان کے شہر جلال آباد میں بھارتی سفارتخانے پر ہونے والے خودکش بم حملے کی سخت مذمت کی ہے اور مرنے والوں کے ورثا سے تعزیت اور دلی ہمدردی کا اظہار کیا ہے۔

دفتر خارجہ سے جاری ہونے والے ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ پاکستان کا قونصل خانہ بھی اُسی علاقے میں واقع ہے جہاں حملہ ہوا۔ بیان کے مطابق قونصل خانے کا عملہ اور دوسرے پاکستانی شہری حملے میں محفوظ رہے اور یہ کہ پاکستان کے قونصل جنرل افغان حکام سے رابطے میں ہیں۔

بیان میں کہا گیا ہے کہ دہشت گردی خطے کے تمام ملکوں کی مشترکہ دشمن ہے اور یہ کہ مشترکہ کوششوں کے ذریعے ہی اس کا مقابلہ کیا جاسکتا ہے۔

افغان حکام کے مطابق اس حملے میں کم سے کم نو افراد ہلاک ہوگئے تھے جن میں کئی افغان بچے بھی شامل تھے۔ افغان طالبان نے اس حملے سے لاتعلقی کا اظہار کیا تھا۔