26 فلسطینی قیدیوں کی رہائی شروع

اسرائیل نے فلسطین کے ساتھ امن مذاکرات کے باقاعدہ آغاز سے پہلے 26 فلسطینی قیدیوں کو رہا کرنے کا عمل شروع کر دیا ہے۔

خبررساں ادارے ایسوسی ایٹڈ پریس کے مطابق ان قیدیوں کو منگل کی شب وسطی اسرائیل کی جیل سے بسوں کے ذریعے غربِ اردن اور غزہ منتقل کیا گیا ہے جہاں ان کے استقبال کی بھرپور تیاریاں کی گئی ہیں۔

رہا کیے جانے والے افراد پر اسرائیل میں خطرناک اور مہلک حملے کرنے کا الزام ہے اور ایسوسی ایٹڈ پریس کے مطابق عوامی ردعمل سے بچنے کے لیے انہیں رات کی تاریکی میں رہا کیا گیا ہے۔

اسرائیل اور فلسطین کے درمیان پانچ برس بعد مذاکرات کا باقاعدہ آغاز بدھ سے یروشلم میں ہو رہا ہے اور ان قیدیوں کی رہائی ان مذاکرات کے لیے ہونے والے معاہدے کا حصہ ہے۔