’دہشتگردوں کے سامنے جھکنا کوئی حل نہیں‘

پاکستانی فوج کے سربراہ جنرل اشفاق پرویز کیانی نے کہا ہے کہ دہشتگردی کے خلاف حکمتِ عملی پر تو دو رائے ہو سکتی ہیں لیکن اس کے سامنے جھکنا کوئی حل نہیں ہے۔

کاکول میں منگل کی شب یومِ پاکستان کی سالانہ فوجی پریڈ سے خطاب کرتے ہوئے جنرل کیانی نے کہا کہ دہشتگردوں کے خلاف کارروائی کے معاملے پر قومی اتفاقِ رائے پیدا کر کے اس پر جلد از جلد عملدرآمد ضروری ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ ’ہمیں ہر ممکن کوشش کرنی چاہیے کہ کسی بھی حل پر ہر ممکن حد تک قومی اتفاقِ رائے پیدا کریں اور اس پر یکسو ہو کر جلد عمل کریں۔‘

جنرل اشفاق پرویز کیانی نے یہ بھی کہا کہ دہشتگردی کے خلاف ’جنگ تبھی جیتی جا سکتی ہے جب ہم سب مل کر ایک حکمتِ عملی پر متفق ہوں تاکہ نہ ہمارے ذہنوں میں ابہام رہے اور نہ ہی دہشتگردوں کے۔‘

ان کا کہنا تھا کہ ’ہم نہ بحیثیت قوم نہ کبھی ناکام تھے اور نہ ہوں گے۔‘